Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا کو روکنے کیساتھ لوگوں کو بھوک سے بچانا بھی یقینی بنانا ہے، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2020 10:23am
فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی بندشوں معیشت کے ساتھ ساتھ عوام کی بھوک کا بھی خیال رکھنا ہے۔

وزیراعظم نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ برصغیر میں بلند شرحِ افلاس کیساتھ ہمیں بندشوں میں حد درجہ توازن درکار ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے/مکمل طور پر روکنے کیلئے اگرچہ بندشیں ضروری ہیں تاہم اہتمام لازم کہ ان بندشوں کے باعث لوگ فاقوں مریں نہ ہی معیشت کا شیرازہ بکھرے۔ فی الحقیقت ہم ایک تنی ہوئی رسی پر گامزن ہیں۔

انہوں نے پیغام میں مزید کہا کہ ہم تعلیمی اداروں، خرید و فروخت کے بڑے مراکز، شادی ہالز، اور ریستورانوں سمیت ایسے تمام مقامات بند کر چکے ہیں جہاں افراد کے جمع ہونے کا احتمال ہو۔ تاہم ان بندشوں کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کیلئے پہلے زرعی شعبہ کھلا رکھا گیا اور اب ہم تعمیرات کے شعبے کو کھول رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کنسٹرکشن کے شعبے کے لیے بڑی سبسڈی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سال کے دوران جو بھی کنسٹرکشن کے شعبے میں سرمایہ لگائے گا اس سے پوچھ گچھ نہیں ہو گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کی صورت حال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا تھا جس میں انہیں کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی تھی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہیں اور پاکستان میں اس عالمگیر وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں اب تک 40 اموات ہو چکی ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث دیہاڑی دار، مزدور طبقہ اور غریب عوام کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔